امریکہ سے سفارتی عمل جاری رہے گا، عمان میں مذاکرات پر ترکی کی ناراضی کی کوئی وجہ نہیں: ایران

تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،10فروری:۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی وفد کے ساتھ عمان میں ہونے والی مختصر اور براہ راست بات چیت کے دوران یہ واضح کیا گیا کہ ’ہم نے محسوس کیا کہ سفارتی عمل جاری رہے گا‘۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات عمان کی ثالثی میں مسقط میں ہوئے تھے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے ہمراہ وفد نے عمانی سفارت کاروں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹیکر اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے بالواسطہ مذاکرات کیے۔ عباس عراقچی نے تصدیق کی کہ ان مذاکرات کے اختتام پر امریکی حکام کے ساتھ ان کی ’مختصر ملاقات‘ ہوئی تھی۔