تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) ضلع انتظامیہ کسانوں کے فارمر رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ روہتاس ضلع کلکٹر مسز ادیتا سنگھ نے اپنے دفتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج ضلع میں کسان رجسٹریشن کے عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔میٹنگ میں بلاک وار جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کی رجسٹریشن کی جائے اور جن کسانوں کے اراضی کا ریکارڈ ان کے نام پر رجسٹرڈ ہے ان کا لازمی طور پر اندراج کیا جائے ۔ انہوں نے ضلع پروجیکٹ مینیجر جیویکا کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جیویکا دیدیوں کی مدد سے ایسے کسانوں کی شناخت کی جائے جو ابھی تک رجسٹرڈ نہیں ہوئے ہیں اور انہیں کیمپ کی جگہوں پر لایا جائے ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ کسان رجسٹری کسانوں کے لئے ایک ڈیجیٹل شناخت ہے جسکے ذریعہ وہ مختلف زرعی اسکیموں، سبسڈی، انشورنس، فصلوں کی امداد اور دیگر فوائد سے براہ راست مستفید ہونگے، اس لئے کسی بھی سطح پر غفلت یا تاخیر نہ کی جائے ۔ اجلاس میں یہ خاص ہدایت کی گئی کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر شفاف ہونا چاہئے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا غیر ضروری تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی ۔ رجسٹریشن کے دوران کسانوں کو درپیش تکنیکی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس وسیع مہم سے مستفید ہو سکیں ۔

