جے پی ایس سی-2 گھوٹالے میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی جانچ تیز کی، 28 اہلکاروں کی جائیداد کی تفصیلات مانگی

تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 2 فروری : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی-2) گھوٹالے میں منی لانڈرنگ کے معاملے پر ایف آئی آر درج کرنے کے بعداپنی تحقیقات کو تیز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق، ای ڈی نے اس معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ ملزم بنائے گئے جھارکھنڈ پولیس اور انتظامیہ کے 28افسران سے متعلق تفصیلی معلومات طلب کی ہے، جن میںان کے اعلان کردہ اثاثوں کی تفصیلات بھی شامل ہے۔
ای ڈی نے جن افسران کی جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، ان میں رادھا پریم کشور، ونود رام، ہری شنکر، روی کمار کجور، مکیش کمار مہتو، کندن کمار سنگھ، موسمی ناگیش، کنو رام ناگ، پرکاش کمار، سنگیتا کماری، رجنیش کمار، شیویندر، سنتوش کمار چودھری، روہت سنگھ،شیلیش کمار سریواستو، امت کمار، راہل جی آنند، اندرجیت سنگھ، ششیر کمار سنگھ، راجیو کمار سنگھ، رام کرشن کمار، پرمود رام، اروند کمار سنگھ، وکاس کمار پانڈے، منوج کمار، سداما کمار اور کمود کمار شامل ہیں ۔
دراصل، جے پی ایس سی-2 گھوٹالے کی جانچ کے بعد، سی بی آئی نے کل 60 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ ان میں جے پی ایس سی کے چھ اہلکار، گلوبل انفارمیٹکس کے 28 امیدوار اور 25 ممتحن شامل تھے۔ تمام 28 ملزم اہلکار فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔ ان میں سے کچھ ملزم اسٹیٹ ایڈمنسٹریٹو سروس افسران کو اب اے ڈی ایم کے عہدے پر اور ریاستی پولیس سروس کے دو افسران کو آئی پی ایس کے عہدے پر ترقی دی جا چکی ہے۔