تاثیر 8 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 8 فروری : میونسپل انتخابات کے پیش نظر غیر قانونی شراب کے کاروبار کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم کے تحت محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے تمر اور بنڈو تھانہ علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں جعلی غیر ملکی شراب، بیئر، دیسی شراب، اور ناجائز مہوا شراب ضبط کی۔
اس چھاپے کے دوران ایک چھوٹی پک اپ وین سے ناجائز شراب کی کھیپ پکڑی گئی، جبکہ مختلف مقامات سے مجموعی طور پر تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ ایکسائز سے اتوار کو موصولہ اطلاع کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر ایکسائز کی ہدایت پر ایک خفیہ اطلاع پر تمر اور بنڈو تھانے کے علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ چھاپے کے دوران پارسی روڈ پر ایک پک اپ وین کو روک کر تلاشی لی گئی تو بھاری مقدار میں ناجائز شراب برآمد ہوئی۔ اس معاملے میں دو ملزمین کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ ایکسائز کے حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ شراب میں 38.13 لیٹر جعلی غیر ملکی شراب، 15.6 لیٹر بیئر، 5.7 لیٹر دیسی شراب، 120 لیٹر غیر قانونی مہوا شراب اور 600 کلو گرام جاوا مہوا شامل ہے۔ اسکے علاوہ، ایک اور مقام پر چھاپہ مارا گیا اور غیر قانونی مہوا شراب بیچنے والے کو گرفتار کیا گیا۔

