تاثیر 27 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھیلواڑہ، 27 فروری :بھیلواڑہ ضلع کے بڑلیاس تھانہ علاقے کے تحت آنے والے بڑلہ گاؤں میں جمعہ کو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ خاندانی جھگڑوں سے دلبرداشتہ باپ نے اپنے 12 سالہ بیٹے کو تیز دھار ہتھیار سے بے دردی سے قتل کیا اور پھر زہر کھا کر خودکشی کر لی۔ اس المناک واقعہ میں رادھیشیام وشنو (40) اور ان کے بیٹے ونش وشنو کی موت ہو گئی۔
جمعہ کی صبح گاؤں والوں نے گھر کے اندرجب کوئی حرکت نہیں دیکھی۔ پڑوسیوں کو شک ہوا اور اہل خانہ کو اطلاع دی۔ گھر والے جب پہنچے تو گیٹ کو اندر سے بند پایا۔ بار بار پکارنے کے باوجود دروازہ نہ کھلا۔ پھر گھر والے دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے۔ کمرے کے اندر کے منظر نے سب کو دنگ کر دیا۔ معصوم بچے ونش کی لاش چارپائی پر پڑی تھی، جب کہ اس کا باپ رادھیشیام زہر کھا کر قریب ہی زمین پر درد سے کراہ رہا تھا۔
پولیس کی تفتیش میں پتہ چلا کہ رادھیشیام نے درانتی سے اپنے بیٹے کا گلا کاٹ دیا۔ بچہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ قتل کے بعد رادھیشیام نے پہلے پنکھے سے لٹکنے کی کوشش کی لیکن کسی وجہ سے وہ ناکام رہا۔ اس کے بعد اس نے گھر میں رکھی ہوئی زہریلی چیز کھا لی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ نے تشویشناک حالت میں رادھیشیام کو ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہوگئی۔ پولیس نے بچے کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوا دیا۔ پوسٹ مارٹم میڈیکل بورڈ کرائے گا۔

