تاثیر 21 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف (محمد دانش) نالندہ ضلع کے راجگیر،گیریک مرکزی سڑک پر چلتی بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ بس میں لکھی سرائے سے تعلیمی دورے پر آنے والی 50 سے زائد طالبات سوار تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث بس سے دھواں اٹھنا شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیل گئی۔بس کے ڈرائیور سبودھ کمار نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوراً گاڑی سڑک کنارے روک دی۔ آگ تیزی سے بڑھ رہی تھی، تاہم ڈرائیور اور مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں سے تمام طالبات کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی افراد کے تعاون سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس دوران کچھ دیر کے لیے سڑک پر آمد و رفت متاثر رہی۔ڈرائیور سبودھ کمار کے مطابق طالبات کو تعلیمی پروگرام کے لیے لکھی سرائے سے راجگیر لایا جا رہا تھا اور آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ تمام طالبات محفوظ ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر راجگیر تھانہ پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی۔ تھانہ صدر رمن کمار نے بتایا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔

