تاثیر 26 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 26/ فروری (تاثیر بیورو) چارناک ہسپتال نے سنٹرل کولکاتا کے بڑا بازار علاقے میں ریاست کا پہلا نجی ہیریٹیج سپر اسپیشلٹی اسپتال چارناک لوہیا ہسپتال باوقار تقریب کے دوران افتتاح کیا۔ یہ 250 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال تقریباً دو سو سال قدیم گریڈ اول ہیریٹیج عمارت میں قائم کیا گیا ہے، جو پہلے لوہیا ماتر سیوا سدن کے نام سے معروف تھی۔
تقریبِ افتتاح میں کولکاتا کے میئر فرہاد حکیم، ریاستی وزراء میں چندریما بھٹاچاریہ، ڈاکٹر ششی پانجا، سجیت بوس، رکنِ پارلیمان ڈولا سین سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریباً 250 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ اس اسپتال میں 70 سے زائد آئی سی یو بیڈ، جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹر، کیتھ لیب، ایمرجنسی اور ڈائیلاسس یونٹ سمیت اعلیٰ درجے کی تشخیصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ گریش پارک میٹرو اسٹیشن سے محض 500 میٹر کے فاصلے پر واقع یہ ادارہ بڑا بازار، جوڑا سانکو اور اطراف کے علاقوں کے لیے جدید طبی خدمات کی اہم ضرورت پوری کرے گا۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پرشانت شرما نے کہا کہ یہ منصوبہ ہیریٹیج تحفظ اور جدید صحت خدمات کا منفرد امتزاج ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ان کے رہائشی و تجارتی مراکز کے قریب عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

