تاثیر 7 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 07 فروری :جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے خطہ چناب کو درپیش عوامی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
وہ ہفتہ کو ڈوڈہ میں منعقدہ ‘‘بات چیت پروگرام’’ سے خطاب کر رہی تھیں جو انہوں نے ریاست بھر میں عوامی مسائل سننے کے مقصد سے شروع کیا ہے۔ پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے خیالات و مسائل پیش کیے۔
شرکاء نے تعلیمی و انتظامی اداروں کے قیام پر زور دیتے ہوئے دیسہ کپرن روڈ کی تعمیر، سدھما دیو منصوبے اور چناب ویلی میں ریلوے پروجیکٹ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ متعدد مقررین نے نیشنل لا یونیورسٹی سمیت طبی اداروں میں عملے کی شدید قلت دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

