مہاراشٹر میں ریاستی بجٹ اجلاس کے آغاز پر گورنر آچاریہ دیوورت نے دونوں ایوانوں سے مشترکہ خطاب خطاب

تاثیر 23 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 ممبئی، 23 فروری : آج ریاستی بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر آچاریہ دیوورت نے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقی یافتہ مہاراشٹر کے ہدف کو سامنے رکھ کر معاشی رفتار تیز کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داووس میں طے پانے والے معاہدوں کے نتیجے میں 30 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے ریاست کی قومی جی ڈی پی میں حصہ داری 13 فی صد تک پہنچ گئی ہے اور ایف ڈی آئی کے حصول میں مہاراشٹر نے دوبارہ سبقت حاصل کی ہے۔گورنر نے اعلان کیا کہ ہندو ہردیہ سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے سمرُدھی مہامارگ کو ودھون تک بڑھایا جائے گا جبکہ گڑھ چرولی کو اسٹیل حب اور ودربھ کو اسٹیل کاریڈور کے ذریعے صنعتی ترقی دی جائے گی۔ دیہی رابطہ مضبوط بنانے کے لیے مکھیا منتری بالی راجا فارم روڈس اسکیم پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے اور فصلوں کی منصوبہ بندی بہتر بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کی پالیسی تیار کی گئی ہے تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔مہاراشٹر۔کرناٹک سرحدی مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مراٹھی بولنے والے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس تنازعہ کو قانونی راستہ سے حل کیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی رہائشی اسکیم کا بھی اعلان کیا گیا۔ گورنر نے 2026-2030 کی نئی صنعتی و خدماتی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعتی و خدماتی شعبوں میں بڑے پیمانے پر روزگار پیدا ہوگا۔ہندوستھان سماچار