گورنر کے خطاب میں ہر طرف ہریالی لیکن حقیقت اس سے برعکس : تیجسوی یادو

تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 2 فروری : بہار قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر عارف محمد خان کے خطاب پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے گورنر کے خطاب کو حکومت کی طرف سے پرانی تقریر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے اور یہ زمینی حقیقت سے بہت دور ہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ گذشتہ 10 برسوں سے ایوان میں ہیں، اس دوران چاہے کوئی بھی گورنر عہدہ پر رہا ہو، سب نے وہی تقریر پڑھی ہے جو حکومت نے دی تھی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ گورنر کے خطاب میں ہر جگہ ہریالی اور ترقی کی عکاسی ہوتی ہے، لیکن بہار میں اصل صورتحال بالکل مختلف ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تقریر میں جن اسکیموں کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں سے بہت سی اسکیمیں ہیں جو اقتدار میں آنے سے پہلے راشٹریہ جنتا دل کی اسکیموں سے نقل کی گئی ہیں۔ تیجسوی نے کہا کہ حکومت صرف کاغذ پر ترقی دکھا رہی ہے، جب کہ عام لوگ اب بھی بنیادی مسائل سے نبرد آزما ہیں۔
تیجسوی یادو نے امن و امان کے مسئلہ پر بھی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں امن و امان کی صورتحال کوئی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ریاست میں قتل، عصمت دری، لوٹ، اغوا اور فائرنگ جیسے واقعات باقاعدگی سے رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اچھی حکمرانی کا دعویٰ کرتی ہے لیکن حقیقت میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔