عراق اقوام متحدہ میں جمع کرائی گئی اپنی سرحدی حدود کے نقشے واپس لے: خلیج تعاون کونسل کا مطالبہ

تاثیر 24 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

قاہرہ،24فروری:۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ میں جمع کرائی گئی ان حدود اور نقشوں کی فہرست واپس لے جس میں عراقی سمندری حدود کے حوالے سے دعوے کیے گئے ہیں، کیونکہ ان حدود اور نقشوں میں “فشت القید” اور “فشت العیج” سمیت کویت کی سمندری حدود اور آبی بلندیوں پر اس کی خود مختاری کو متاثر کیا گیا ہے۔سیکرٹری جنرل جی سی سی نے بین الاقوامی قانون کے قواعد و ضوابط اور 1982 کے اقوامِ متحدہ کے سمندری قوانین کے معاہدے پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ان قوانین کے تحت دو ملکوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتوں، معاہدوں اور دوطرفہ یادداشتوں پر عمل کیا جانا چاہیے۔ اسی تناظر میں جاسم البدیوی نے خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس کے 46 ویں سیشن کے اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کویت کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے حوالے سے اپنے پختہ موقف اور سابقہ فیصلوں کا اعادہ کیا۔