حماس تنظیم قومی اتفاق رائے سے باہر ہو چکی ہے : فتح موومنٹ کا دعویٰ

تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

غزہ،13فروری(ہ س)۔فلسطینی تنظیم ’فتح موومنٹ‘ کے ترجمان عبدالفتاح دولہ کا کہنا ہے کہ حماس تنظیم کو دستور کو سیاسی بحث سے دور رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تنظیم اب قومی اتفاقِ رائے سے باہر ہو چکی ہے۔عبد الفتاح دولہ نے ’العربیہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دستور کا مسودہ فلسطینی ذہنوں اور ہاتھوں نے تیار کیا ہے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تجاویز یا ملاحظات پیش کرنے کے لیے دروازہ اب بھی کھلا ہے۔واضح رہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے پیر کے روز ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت ریاستِ فلسطین کے عبوری دستور کے منصوبے کا پہلا مسودہ شائع کرنے اور اسے دستور سازی کی قومی کمیٹی کے مخصوص الیکٹرونک پلیٹ فارم اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوامی رسائی کے لیے فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔اس فیصلے کا مقصد آئینی دستاویز کی تیاری میں سماجی شرکت کے دائرے کو وسیع کرنا ہے۔ اس کے تحت شہریوں، سول سوسائٹی کے اداروں، سیاسی قوتوں، ماہرین اور ماہرینِ تعلیم کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے کی اشاعت کے 60 دن کے اندر مسودے پر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کریں۔