حوثیوں نے یمنی ایئر لائن کے طیارے کو موکھا ایئرپورٹ پر اترنے سے روکا

تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

صنعاء،02فروری:جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صوبہ تعز کے موکھا ایئرپورٹ جانے والا یمنی ایئر لائن کا طیارہ اڑان بھرنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد واپس لوٹ گیا کیونکہ حوثی گروپ نے اسے لینڈنگ سے روک دیا اور پرواز کو اس کی منزل تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈالی۔ شیڈول کے مطابق موکھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اتوار کو اپنی پہلی تجارتی پرواز کا باقاعدہ افتتاح کرنا تھا جسے ایک سٹریٹجک ایونٹ اور فضائی نقل و حمل کے شعبے میں بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ یہ ایک نئے فضائی راستے کے ذریعے یمن کے مغربی ساحل کو بیرونی دنیا سے جوڑتا ہے۔موکھا ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد عبداللطیف نے بتایا کہ حوثی گروپ نے جدہ ایئرپورٹ سے پرواز کے بعد طیارے کو یمنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ یہ پرواز پہلے سے طے شدہ سرکاری جدول کا حصہ تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حوثی گروپ نے صنعاء￿ میں واقع ایئر نیویگیشن سینٹر پر اپنے کنٹرول کا استعمال کرتے ہوئے طیارے کو لینڈنگ سے روکا۔ انہوں نے بتایا کہ ان مسافروں کی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا جو گھنٹوں سے طیارے کا انتظار کر رہے تھے تاکہ وہ جدہ جا سکیں کیونکہ یہ مسافر مختلف صوبوں سے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ 152 مسافر ایئرپورٹ پر طیارے کے انتظار میں تھے۔ ان مسافروں میں بزرگ اور بیمار افراد بھی شامل تھے۔ حوثیوں کے اس طرح کے من مانے اقدامات سے شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کی عکاسی بھی ہو رہی ہے۔ پہلے سرکاری ردعمل میں یمن کی وزارتِ نقل و حمل اور عدن میں شہری ہوا بازی کی اتھارٹی نے حوثی گروپ کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ یہ عمل ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس کا مقصد فضائی سفر کو فعال کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔ یہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔