ہندوستان اور برازیل نے اے آئی سمٹ کے دوران زرعی تعاون پر معاہدہ کیا

تاثیر 20 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 فروری : دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ ’انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کے دوران، ہندوستان اور برازیل کے وزرائے زراعت کے درمیان زرعی تجارت اور ٹیکنالوجی کے اشتراک پر وسیع پیمانے پر بات چیت ہوئی۔مرکزی زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو کہا کہ برازیل کے وزیر زراعت اور ان کی ٹیم کے ساتھ آج کرشی بھون میں زرعی مصنوعات اور قدرتی اور نامیاتی کاشتکاری کے لیے بازار تک رسائی کو آسان بنانے سے متعلق کئی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ ہندوستان اپنے انار، لہسن، انگور اور کشمش کو خاص طور پر برازیل کے بازار میں برآمد کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور مشہور برازیلین ایگریکلچرل ریسرچ کارپوریشن (ایمبراپا) کے درمیان تعاون پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔