تاثیر 18 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 فروری :وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے موقع پر بدھ کو سربیا کے صدر الیگزینڈر ووسک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور سربیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پوسٹ کے ساتھ اس دو طرفہ بات چیت کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی، جو یہاں انڈیااے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور صدر الیگزینڈر ووسک نے تجارت اور سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مالیاتی ٹیکنالوجی، تعلیم، زراعت، سیاحت اور عوام سے عوام کے تعلقات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سربیا کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات ہیں جو لوگوں کے درمیان قریبی تعلقات پر استوار ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔
قابل ذکر ہے کہ سربیا کے صدر اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے منگل کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ 16 فروری کو یہاں شروع ہونے والی چوٹی کانفرنس دنیا میں اپنی نوعیت کی چوتھی کانفرنس ہے۔ اسے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کا مقصد جامع اور مؤثر اے آئی کے مستقبل کو تشکیل دینا ہے۔ یہ پروگرام تین اہم ستونوں پیپل،پلینیٹ، اور پروگریس کی بنیاد پر چل رہا ہے۔

