تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران،02فروری:ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یورپی یونین کی جانب سے سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (پاسداران انقلاب) کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً اپنے ہاں تعینات یورپی یونین کے تمام ممالک کے سفیروں کو طلب کر لیا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ سفیروں کو اتوار کے روز طلب کیا گیا تھا۔یورپی یونین نے گذشتہ ہفتے پاسدارانِ انقلاب کو جنوری کے مہینے میں ایران بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو طاقت کے ذریعے کچلنے میں اس کے مبینہ کردار کی وجہ سے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک ان یورپی ممالک کی افواج کو بھی دہشت گرد قرار دے گا جنہوں نے پاسدارانِ انقلاب پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

