اسرائیل ہماری خود مختاری کو نشانہ بنا رہا ہے ، لبنانی وزیر

تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بیروت،10فروری:مہاجرین کے امور سے متعلق لبنان کے وزیر کمال شحادہ نے کہا ہے کہ اسرائیل لبنانی خود مختاری پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے احترام کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور عالمی برادری اس پر کوئی موثر اثر و رسوخ استعمال نہیں کر رہی۔ کمال شحادہ نے “العربیہ/الحدث” سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ لبنانی حکومت محض نمائشی اقدامات کے بجائے عملی طور پر ریاست کی عمل داری قائم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، انہوں نے اسرائیل کی جانب سے لبنانی خود مختاری کے احترام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
داخلی معاملات کے حوالے سے وزیر نے حزب اللہ کو جنوبی لبنان میں ہونے والی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ لبنان کسی بھی فریق کے لیے جارحانہ ارادے نہیں رکھتا اور نہ اسرائیل کو مداخلت کا کوئی بہانہ فراہم کرنا چاہتا ہے۔ کمال شحادہ نے بتایا کہ لبنانی حکومت جنوبی لبنان کی دوبارہ تعمیر اور مقبوضہ علاقوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہے، اور اگلے مرحلے میں ملک کی تعمیرِ نو اور استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ اگلے ماہ ہونے والا لبنانی فوج کے حامی ممالک کا اجلاس سود مند ثابت ہو گا اور امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس لبنانی ریاست کی صلاحیتوں میں اضافے اور اس کی خودمختاری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔