تاثیر 3 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بیروت،03فروری:لبنان کے چینل ’الجدید‘ کے مطابق پیر کے روز ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان میں صیدا شہر کے قریب شاہراہ پر حزب اللہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ڈرون سے دو میزائل داغے جانے کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور حزب اللہ کا ایک رکن ہلاک ہو گیا۔ اس سے قبل جنوبی لبنان میں ہی زہرانی-صور ہائی وے پر “فینیشیا” یونیورسٹی کے قریب بھی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اس کے علاوہ پیر کی صبح اسرائیلی فوج نے عیتا الشعب کے قصبے میں ایک مکان کو دھماکے سے اڑا دیا اور اسی قصبے پر صوتی بم بھی گرائے۔ بعد ازاں عین قانا اور کفر تبنیت کے قصبوں پر فضائی حملے کیے گئے، جہاں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے اسلحہ خانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ اتوار کو بھی ڈرون حملوں میں حزب اللہ کے دو ارکان ہلاک ہوئے تھے۔نومبر 2024 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل نے لبنان پر حملوں کا سلسلہ بند نہیں کیا ہے۔ معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء ہونا تھا، لیکن اسرائیل نے جنوبی لبنان کی 5 اہم پہاڑیوں پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ حزب اللہ کو اپنی فوجی صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور ان کے اسلحہ خانوں کو نشانہ بناتا رہے گا۔

