کونو میں چیتوں کی آباد کاری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی سمت میں بڑا قدم: بھوپیندر یادو

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 27 فروری: مرکزی وزیر برائے جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو نے کہا کہ بوٹسوانا سے کونو نیشنل پارک میں لائے گئے چیتوں سے بوٹسوانا اور ہندوستان کے درمیان حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی ایک تاریخی شراکت داری شروع ہوئی ہے۔ یہ چیتوں کی آباد کاری کی سمت میں بڑا قدم ہے۔ مرکزی وزیر نے ہفتہ کو افریقی ملک بوٹسوانا سے لائے گئے چیتوں کو مدھیہ پردیش کے شیوپور ضلع میں واقع کونو نیشنل پارک میں چھوڑنے کے بعد یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خصوصی پہل اور کوششوں سے ہندوستان میں چیتوں کی منتقلی کا منصوبہ پوری طرح سے کامیاب رہا ہے۔ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی سمت میں کئی ممالک ایک ساتھ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں چیتا پروجیکٹ کو ساڑھے تین سال کا عرصہ ہو گیا ہے۔ کونو نیشنل پارک میں چیتوں کا کنبہ مسلسل بڑھ رہا ہے، اس وقت ہندوستان میں چیتوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے، جن میں 45 کونو نیشنل پارک اور تین گاندھی ساگر سینکچری میں ہیں۔ ہندوستان کی کوششوں سے دنیا میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے کام کیا جا رہا ہے اور 97 ممالک اس پلیٹ فارم کے رکن بن گئے ہیں۔