اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث لوک سبھا کی کارروائی 9 فروری تک ملتوی

تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 فروری : کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مسلسل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی پہلے جمعہ کی دوپہر 12 بجے تک اور بعد میں پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ ایوان کا اگلا اجلاس اب پیر 9 فروری کو صبح 11 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی اور ہاتھوں میں پلے کارڈز لے کر ایوان کے وسط میں دھاوا بول دیا۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اس پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران اب تک ایوان کے 19 گھنٹے اور 13 منٹ ہنگامہ آرائی میں ضائع ہو چکے ہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات تمام ارکان کا وقت ہے اور عوام نے ارکان پارلیمنٹ کو بحث اور مکالمے کے لیے بھیجا ہے، پوسٹرز اور نعرے بازی کے لیے نہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر منظم طریقے سے تعطل پیدا کرکے ایوان کے وقارپر سمجھوتہ کیا جائے تو ایسے ایوان میں کام کرنا ناممکن ہے۔