تاثیر 5 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن ،05 فروری (ہ س )۔ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریان راوتھ نامی شخص نے 2024 کے صدارتی انتخابات سے 2 ماہ قبل ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔استغاثہ کے مطابق ملزم نے کئی ماہ تک اس حملے کی منصوبہ بندی کی اور اپنے اقدام پر کسی قسم کے پچھتاوے یا ندامت کا اظہار نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق 59 سالہ ریان راوتھ کو فلوریڈا کے شہر فورٹ پیئرس میں امریکی ضلعی جج ایلین کینن نے عمر قید کی سزا سنائی۔ جیوری نے گزشتہ برس ستمبر میں ریان راوتھ کو 5 سنگین الزامات میں مجرم قرار دیا تھا، جن میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش بھی شامل تھی۔ملزم نے مقدمے کی سماعت کے دوران بحیثیت وکیل اپنا دفاع خود کیا تھا۔استغاثہ نے عدالت سے عمر قید کی سفارش کی تھی، جبکہ ریان راوتھ نے جج سے 27 سال قید کی سزا دینے کی درخواست کی۔

