مولانا عبید اللہ ثقافی رمضان خطبات کیلئے متحدہ عرب امارات پہونچے

تاثیر 19 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

یو اے ای کی وزات مذہبی امورکے اوقاف کے حکام نے ایئر پورٹ پر پرُتپاک خیر مقدم کیا

کالی کٹ (عبدالکری امجدی ) ممتازعالم دین ،نوجوان اسکالراور جامعہ مرکز کے ڈائیریکٹر مولانا عبید اللہ ثقافی سال رواں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النیہان کے خصوصی اور معزز مہمان کے طور پر رمضان خطبات کیلئے ابوظہبی پہونچے ۔جہاں یو اے ای کی وزارت مذہبی امور کے اوقاف کے حکام نےایئر پورٹ پر والہانہ خیر مقدم کیا۔اپنے دورے کے دوران وہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 20 دنوں تک رمضان خطاب میں شریک ہونگے۔ یہ پروگرام ابوظہبی، العین، مصفحہ، دبئی، شارجہ اور عجمان سمیت اہم امارات میں مساجد اور مجالس کے اجتماعات میں سرکاری حکام کی براہ راست نگرانی میں منعقد ہوں گے۔
اسلامی لیکچرز مقامی عرب کمیونٹی اور غیر ملکی آبادی دونوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔یہ دورہ متحدہ عرب امارات کی رمضان المبارک کے دوران خصوصی مہمانوں کے طور پر دنیا بھر کے ممتاز سکالرز کی میزبانی کی دیرینہ روایت کا حصہ ہے۔ ہندوستان سے اس روایت کا آغاز شیخ ابوبکر احمد نے کیا۔ جب کہ اس کے بعد سے کئی اسکالرز کو اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ نوجوان نسل کے نمائندے کے طور پر عبید اللہ ثقافی کا انتخاب ہندوستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔ عبید اللہ ثقافی جو مرکز گلوبل کونسل کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی فعال مصروفیت اور بین الاقوامی اسلامی تبلیغی میدان میں شراکت کے اعتراف میں سرکاری دعوت دی گئی۔
فوٹو کیپشن : مولانا عبید اللہ ثقافی متحدہ عرب امارات میں بحیثیت مہمان خصوصی رمضان خطاب کیلئے پہونچےپر مرکز گلوبل آئی سی ایف کے کارکنان خیر مقدم کرتے ہوئے –