دہلی کے سیرسپور میں ماں اور تین معصوم بیٹیوں کا گلا کاٹ کر قتل

تاثیر 25 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 فروری : دہلی کے بیرونی شمالی ضلع کے سمے پور بدلی تھانہ علاقے میں بدھ کو ایک دل دہلا دینے والی واردات سامنے آئی ہے ۔ سیرسپور کے چندن پارک میں واقع ایک گھر میں ماں اور اس کی تین معصوم بیٹیوں کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ کمرے میں ان کی لاشیں لہو لہان حالت میں پائی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس ہریشور سوامی کے مطابق، پولیس کو آج صبح سویرے چندن پارک میں سروودے ودیالیہ کے نزدیک لین نمبر 3 میں مکان نمبر /84ای میں چار لوگوں کے قتل کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملنے پر تھانے کی پولیس اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ گراؤنڈ فلور پر ایک کمرے میں ایک خاتون اور تین بچیاں مردہ پائی گئیں۔ ان کے گلے تیز دھار ہتھیار سے کاٹے گئے تھے۔ متوفی خاتون کی شناخت انیتا (بیوی منچون کیوٹ) کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اصل میں پٹنہ، بہار کی رہنے والی تھی اور یہاں اپنے شوہر اور تین بیٹیوں کے ساتھ رہتی تھی – جن کی عمریں پانچ سال کی، چار سال کی اور تین سال تھی ۔ متوفی کا شوہر منچون کیوٹ آزاد پور منڈی میں سبزیاں فروخت کرتا ہے۔