تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اجمیر، 28 فروری : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو راجستھان کے اجمیر میں کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جس طرح مسلم لیگ کی ہندوستان کے تئیں نفرت ملک کی تقسیم کا باعث بنی تھی، اسی طرح آج کانگریس ملک کو بدنام کرنے اور کمزور کرنے کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے دہلی میں منعقدہ حالیہ اے آئی سربراہی اجلاس کے دوران انڈین یوتھ کانگریس کے ’شرٹ لیس مظاہرہ’ کو ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش قرار دیا۔ وزیر اعظم ریاست کو 16,680 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا تحفہ دینے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں دنیا بھر کے وزرائے اعظم، صدور، وزراء اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے دہلی میں اے آئی سمٹ میں شرکت کی اور ہندوستان کی کامیابیوں کی تعریف کی، کانگریس پارٹی نے غیر ملکی مہمانوں کے سامنے ’’ڈرامہ‘‘ رچا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی پے درپے انتخابی شکستوں سے مایوس ہوکر ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

