تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،13فروری(ہ س)۔اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی تازہ ترین ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ٹرمپ یقین رکھتے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ ایک اچھے جوہری معاہدے کے لیے شرائط کی تیاری کر رہے ہیں۔لیکن نیتن یاہو ایران اور اس کے ساتھ کسی اچھے معاہدے کے لیے اپنے شکوک ختم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
نیتن یاہو نے ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ساتویں مرتبہ ملاقات کی ہے۔ ان کی ہر ملاقات میں ایران کے خلاف حکمت عملی اور مشترکہ لائحہ عمل اہم نکتہ رہا ہے۔ اس بار بھی انہوں نے صدر ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں سخت موقف لیں۔نیتن یاہو نے کہا صدر ٹرمپ یقین رکھتے ہیں کہ ایرانیوں کو پہلے ہی سمجھ آگئی ہے کہ ان کا کس سے پالا پڑا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار واشنگٹن سے اسرائیل واپس روانہ ہونے سے قبل ویڈیو بیان میں کیا ہے جو ان کے آفس نے جاری کیا ہے۔

