این ایچ ایم ملازمین کو طے شدہ سرکاری معیار کے اعزازیہ فراہم کیا جا رہا ہے: سکینہ ایتو

تاثیر 20 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 20 فروری :۔جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت کام کرنے والے تمام ملازمین کنٹریکٹ بنیادوں پر تعینات ہیں اور انہیں طے شدہ سرکاری معیار کے مطابق یکمشت اعزازیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔یہ جانکاری محکمہ صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے رکن اسمبلی سریندر کمار کے سوال کے تحریری جواب میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ این ایچ ایم ملازمین کا اعزازیہ تقرری کے سال کے مطابق مختلف ہوتا ہے اور مقررہ ضوابط کے تحت سالانہ 5 فیصد اضافہ بھی دیا جاتا ہے۔

وزیر نے واضح کیا کہ این ایچ ایم عملہ مستقل سرکاری ملازمین کی طرح ریگولر نہیں بلکہ معاہدہ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ان کی تنخواہ کا 90 فیصد حصہ حکومت ہند کی وزارت صحت و خاندانی بہبود جبکہ 10 فیصد حصہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر حکومت برداشت کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایچ ایم ملازمین کنڑریبوٹری ویلفیئر فنڈ کے دائرے میں آتے ہیں، جس کے تحت موت، مستقل یا عارضی معذوری اور طبی ہنگامی حالات میں مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر موت کی صورت میں 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری پر 5 لاکھ روپے اور عارضی معذوری پر 2 لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔