کسان بہبود کے نام پر تشہیر نہیں، زمین پر جواب دیں وزیر اعلیٰ : جیتو پٹواری

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 28 فروری :۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کی جانب سے سال 27-2026 کے بجٹ کو ’’کسان کلیان‘‘ (کسان بہبود) کا بجٹ بتائے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان داتا (کسانوں) کے تئیں لگن کے دعوے کرنے سے کھیتوں کی بدحالی چھپائی نہیں جا سکتی۔ حکومت ’’کھیتوں کو بااختیار بنانے‘‘ کی بات کر رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست کا کسان گھٹتی ہوئی حقیقی آمدنی، بڑھتی ہوئی لاگت، فصل کے خطرات اور قرض کے بوجھ سے پریشان ہے۔

جیتو پٹواری نے ہفتہ کو بیان جاری کر کے کہا کہ زرعی ترقی کے سرکاری دعوے تب کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں، جب کسانوں کی خالص آمدنی لاگت کے تناسب سے نہیں بڑھتی۔ ڈیزل، کھاد، بیج، کیڑے مار ادویات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، لیکن امدادی قیمت پر مکمل اور وقت پر خریداری اب بھی یقینی نہیں ہو پا رہی ہے۔ فصل کٹنے کے بعد ادائیگی میں تاخیر، گوداموں کی کمی اور بازار میں مناسب قیمت نہ ملنا کسانوں کو ساہوکاروں اور بینکوں کے قرض پر منحصر ہونے پر مجبور کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے وعدے سے حکومت پیچھے ہٹ چکی ہے اور اب صرف اعداد و شمار کی بازیگری سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔