نیتن یاہو سے کسی بات پر اتفاق نہیں ہوا، میرا مذاکرات پر اصرار برقرار ہے: ٹرمپ

تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن ،12فروری:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کا نیتن یاہو سے کسی بات پر اتفاق نہیں ہوا تاہم انہوں نے مذاکرات پر اصرار کیا اور انہیں بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات فی الوقت ترجیحی آپشن ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں اسے ایٹمی ہتھیاروں سے روکنا ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے زور دیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی کوئی آخری تاریخ نہیں ہونی چاہیے۔ دوسری جانب اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کی ملاقات کے دوران ایران پر حملے کا آپشن مسترد نہیں کیا گیا۔ نیتن یاہو ایران کے خلاف کارروائی کی آزادی برقرار رکھنا چاہتے ہیں چاہے انہیں تنہا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔
نیتن یاہو گزشتہ روز قبل ازیں صدر ٹرمپ کے ساتھ ایران کے حوالے سے بات چیت کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے تھے۔ اسرائیلی اور امریکی پرچموں والی ایک سیاہ ایس یو وی گاڑی نیتن یاہو کو بلیئر ہاؤس سے ایک ذیلی راستے کے ذریعے لے کر آئی۔ نیتن یاہو نے واشنگٹن روانگی سے قبل غزہ میں امن کونسل میں شمولیت کی دستاویز پر دستخط کیے تھے۔