کشتواڑ میں دہشت گردوں کی تلاش کے لئے کاروائی جاری

تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, یکم فروری :جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے برف پوش علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی ایک بار پھر شروع کر دی ہے، جس کا مقصد جیشِ محمد سے وابستہ تین دہشت گردوں کو تلاش کر کے بے اثر بنانا ہے۔ حکام کے مطابق مختصر تصادم کے بعد یہ دہشت گرد علاقے میں چھپے ہوئے ہیں۔سیکورٹی ایجنسیوں نے ملحقہ علاقوں میں نگرانی سخت کر دی ہے جبکہ ضلع میں کسی بھی دہشت گردانہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لیے ولیج ڈیفنس گارڈز کو آپریشنل موڈ میں رکھا گیا ہے۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ رات بھر کے محاصرے کے بعد آج صبح سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور چھپے ہوئے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کی کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مسلسل اپنے ٹھکانے بدل رہے ہیں اور فرار کی کوشش میں ہیں، تاہم انہیں پکڑنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔سیکورٹی ایجنسیاں ان عناصر پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں جو دہشت گردوں کو خوراک اور پناہ فراہم کر رہے ہیں۔ یہ مشترکہ آپریشن گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے۔حکام کے مطابق ہفتے کی علی الصبح ضلع کشتواڑ کے ڈولگام علاقے میں اس وقت تصادم شروع ہوا جب فوجی دستوں نے دہشت گردوں سے دوبارہ رابطہ قائم کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک دہشت گرد کے زخمی ہونے کا امکان ہے، جبکہ ڈرون نگرانی میں خون کے دھبے بھی دیکھے گئے ہیں۔یہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چوتھا موقع ہے جب علاقے میں دہشت گردوں سے رابطہ قائم ہوا ہے۔ برف پوش اور بلند پہاڑی علاقوں میں جاری اس مشترکہ آپریشن میں اسپیشل فورسز، راشٹریہ رائفلز، اسپیشل آپریشنز گروپ اور سی آر پی ایف شامل ہیں۔ ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سنیفر ڈاگز بھی کارروائی میں شامل کیے گئے ہیں۔