بہار میں دردناک سڑک حادثہ، شادی سے لوٹ رہی اسکارپیو اور ٹرک کی ٹکر ،3کی موت

تاثیر 27 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اورنگ آباد،27فروری:بہار کے اورنگ آباد ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ واقع دیو موڑ کے قریب جمعرات کی رات ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اتر پردیش کے بلیا ضلع میں ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے بعد جھارکھنڈ کے دھنباد لوٹ رہے 10 افراد کی اسکارپیو ایک کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔

واقعہ قومی شاہراہ 19 (جی ٹی روڈ) پر دیو موڑ پر پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق اسکارپیو میں 10 افراد سوار تھے، 26 فروری کو 25 فروری کو منعقد ہونے والی شادی تقریب سے دھنباد واپس آرہی تھی۔ ڈرائیور سو گیا اور گاڑی بے قابو ہو کر پیچھے سے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

اورنگ آباد صدر کے ایس ڈی پی او سنجے کمار پانڈے نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت تیج نارائن گپتا اور وکاس کمار چوہان کے طور پر ہوئی ہے۔ تیسرے متوفی کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ حادثے سے خاندان کے افراد میں افراتفری پھیل گئی، خوشی اچانک ماتم میں بدل گئی۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم شروع کر دیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

زخمیوں میں ڈرائیور، دین بندھو پرساد (بکارو کمہاری)، تیج نارائن گپتا کی اہلیہ نشا دیوی، پھولونتی دیوی، امیت کمار، دلیپ کمار (تمام ساکن بوکارو کمہاری)، راجیش کمار (دھنباد) اور شیو شنکر کمار (باگھمارا) شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو اورنگ آباد کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔