پولیس کمشنرنظام آباد نے معذوروں سے خود درخواست حاصل کی

تاثیر 25 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 25 فروری :پولیس کمشنرنظام آبادسائی چیتنیا نے درخواست گزاری کرنے کے لئے آنے والے معذوروں کے پاس خود پہنچ کردرخواست حاصل کی اورانسانی ہمدردی دکھاتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اس کے مسئلے کو سنتے ہوئے اسے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
پرجاوانی پروگرام کے دوران پی سائی چیتنیا پولیس کمشنر نے عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے آئے درخواست گزاروں سے 30 شکایات وصول کیں۔انہوں نے شکایت اورمسائل بغورسنے اورمتعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اْنہیں قانون کے مطابق جلد حل کیا جائے۔ موصولہ درخواستوں کو فوری کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے سب انسپکٹرس اورسرکل انسپکٹرس سے بذریعہ فون رابطہ کرتے ہوئے مسائل کی نوعیت اور حل کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ ضلع پولیس کا مقصد عوام کو بے خوف ماحول میں، بغیر کسی سفارش یا ثالثی کے، پولیس خدمات سے استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کے مسائل قانونی دائرے میں حل ہوں اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی اعتماد مضبوط ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پیر کو پرجاوانی پروگرام کے تحت عوامی شکایات براہ راست وصول کر کے ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اور امن و امان کے تحفظ کے ساتھ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی۔۔