ادھمپور میں غار میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے لیے تیاری آخری مراحل میں

تاثیر 4 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 4 فروری : جموں و کشمیر کے ضلع اُدھم پور میں قدرتی غار کے اندر محصور جیشِ محمد (جے ای ایم) کے دو دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز حتمی آپریشن کی تیاری کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق پوری رات کسی بھی قسم کی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا، تاہم علاقے میں سخت پہرہ برقرار رکھا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ تلاشی ٹیموں نے منگل کی شام تقریباً چار بجے رام نگر کے جوفر جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا، جس کے بعد ایک شدید جھڑپ شروع ہوئی جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
حکام نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی ہوا، تاہم وہ اپنے ساتھی کے ساتھ قریبی قدرتی غار میں پناہ لینے میں کامیاب ہو گیا۔ بعد ازاں شام تقریباً ساڑھے سات بجے دہشت گردوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ذرائع کے مطابق فورسز نے اضافی نفری میں پیرا ٹروپرز اور ڈاگ اسکواڈ کو موقع پر تعینات کر دیا، جبکہ ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔ رات بھر کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی اور سیکورٹی فورسز نے غار کے اطراف سخت ناکہ بندی قائم رکھی۔حکام کا کہنا ہے کہ غار میں چھپے دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم انکار کی صورت میں حتمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔