تاثیر 5 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ: ۵؍فروری۲۰۲۶ء۔ پروفیسر سدھارتھ سنگھ علمی و ادبی دنیا کی جانی مانی شخصیت ہیں۔انھوں نے تعلیم، ثقافت اور بودھ وراثت کے میدان میں قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ پالی، سنسکرت اور بودھ مطالعات کے مشہور اسکالر ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کا علمی سفر بنارس ہندو یونیورسٹی سے شروع ہوا۔انھوں نے2018-2022تک ٹوکیو جاپان میں ہندوستانی سفارت خانہ میں ڈپلومیٹ اور ہندوستانی ثقافتی مرکز کے ڈائرکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔آپ کے سو سے زائد تحقیقی مقالے اور متعدد کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ ان کی گوناگوں علمی و ادبی خدمات سے متاثر ہو کرFulbright Senior Research Fellowship (USA) اورJapan Foundation Fellowship سے نوازا گیا۔ آپ فی الوقت نوا نالندہ مہاویہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے معزز عہدہ پر فائز ہیں۔ آپ نے اس یونیورسٹی کو عالمی شناخت دلائی ہے۔ان کی کثیر الجہت خدمات سے متاثر ہو کر مرکزی وزارت ثقافت نے خدا بخش لائبریری جیسے عالمی شہرت یافتہ ادارہ کے ڈائرکٹر کی اضافی ذمہ داری بھی ان کے سپرد کی ہے۔ آج مورخہ5؍ فروری 2026کو انھوں نے راج بھون میں اس کا چارچ لیا۔خدا بخش لائبریری اپنے نادر مخطوطات اور قدیم مطبوعات کے سبب پوری دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ مدت سے یہ لائبریری ایک عالمی شہرت یافتہ دانشور کی تلاش میں تھی، آج یہ تلاش پوری ہوئی اور پروفیسر سدھارتھ سنگھ، وائس چانسلر ، نوا نالندہ مہاویہار یونیورسٹی کی شکل میں یہ تلاش مکمل ہوئی۔ ڈائرکٹر کا چارچ لینے کے بعد انھوں نے لائبریری کا معائنہ کیا اور ہر سیکشن کے ذمہ داروں سے ان کے کام کی نوعیت کو جانا۔ چونکہ خود وہ ایک عالمی شہرت یافتہ دانشور ہیں، اس لئے ان کے دور میں لائبریری مزید ترقی کرے گی۔

