تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، یکم ، فروری :لندن،یکم فروری:قطر، اردن اور مصر نے ہفتے کے روز اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان حملوں سے خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے اور استحکام کی بحالی کے لیے علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل نے ہفتے کے روز غزہ پر شدید ترین بمباری کی جن میں گھروں، خیموں اور ایک پولیس سٹیشن پر حملوں میں ایک خاندان کی تین لڑکیوں سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ جن خلاف ورزیوں کے نتیجے میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، یہ اس سیاسی عمل کے لیے خطرہ ہیں جس کا مقصد کشیدگی کم کرنا ہے اور ان سے غزہ میں فلسطینیوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔دوحہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل تعمیل کرے اور تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کیا تاکہ ٹرمپ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی کامیابی اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

