حیدرآباد کی مساجد میں رمضان کی برکتیں، مصلیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 28 فروری : ماہ صیام کا آغازہوتے ہی حیدرآباد کی فضاؤں میں ایک خاص ایمانی تازگی اورجوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔ شہرکی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں مصلیوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ مکہ مسجد، شاہی مسجدباغ عامہ اور دیگرمساجد تک، ہرجگہ نمازِ پنجگانہ اور بالخصوص نمازِ تراویح کے لئے فرزندان توحید کی بڑی تعداد نظرآرہی ہے جس کی وجہ سے کئی مساجد تنگ دامنی کا شکوہ کررہی ہیں۔
اس مقدس ماہ کے احترام اوراستقبال کے لئے حیدرآبادیوں نے اپنی روایتی عقیدت کامظاہرہ کرتے ہوئے مساجد کو بجلی قمقموں اوررنگ برنگی روشنیوں سے خوبصورتی کے ساتھ منورکردیا ہے جس سے رات کے وقت شہرکامنظرانتہائی دلکش اورنورانی ہو جاتا ہے۔ مساجد کی انتظامی کمیٹیوں نے گرمی کی لہرکے پیش نظرمصلیوں کی سہولت کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں جبکہ افطارکے وقت مساجد میں وسیع دسترخوان بچھائے جارہے ہیں جہاں امیروغریب ایک ساتھ بیٹھ کرافطارکرتے ہیں۔