ہریش پور گاؤں کے درجنوں غریب خاندانوں کے راشن کارڈ منسوخ، زمینی جانچ کا مطالبہ

تاثیر 8 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کٹیہار (حسنین رضا)
ضلع کٹیہار کے کوڑھا تھانہ علاقہ کی پنچایت بنود کے گاؤں ہریش پور میں راشن کارڈ سے نام کاٹے جانے کے معاملہ پر شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ گاؤں کے درجنوں غریب خاندانوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں انہیں ڈھائی ایکڑ زمین کا مالک بتا کر راشن کارڈ سے نام خارج کر دیا گیا ہے، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ان کے پاس نہ تو ایک کٹّھا زمین ہے، نہ رہنے کے لیے پکا مکان، اور نہ ہی کوئی فور ویلر یا دیگر قیمتی اثاثہ موجود ہے۔ اس کے باوجود سرکار کی جانب سے نوٹس بھیج کر انہیں راشن جیسی بنیادی سہولت سے محروم کر دیا گیا، جس سے ان کے سامنے فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
اس معاملے کو لے کر گاؤں کے لوگ جمع ہو کر احتجاجی انداز میں اپنی آواز بلند کرتے نظر آئے۔ وارڈ نمبر پانچ کے وارڈ ممبر نے اس موقع پر بتایا کہ گاؤں کے تمام متاثرہ افراد انتہائی غریب ہیں اور ان کا نام غلط بنیاد پر راشن کارڈ سے ہٹایا گیا ہے۔
لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر اس معاملے کی زمینی سطح پر جانچ کرائے۔ اگر جانچ میں کوئی واقعی اہل نہیں پایا جائے تو اس کے مطابق کارروائی کی جائے، لیکن جو واقعی مستحق اور غریب ہیں ان کا نام راشن کارڈ میں دوبارہ شامل کیا جائے۔
متاثرین نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بغیر تصدیق کے کی گئی اس کارروائی کو واپس لیا جائے، تاکہ غریب خاندانوں کو سرکاری راشن جیسی بنیادی سہولت سے محروم نہ ہونا پڑے۔