تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ریاض،یکم فروری:ایک اعلیٰ سطحی سعودی عہدیدار نے اخبار ’الشرق الاوسط ‘کو بتایا کہ بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی وہ خبریں درست نہیں جن میں خطے میں کشیدگی کے حوالے سے مملکتِ سعودی عرب کے مؤقف میں تبدیلی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔سعودی عہدیدار نے واضح کیا کہ سعودی عرب امریکہ اور ایران کے درمیان تمام متنازعے امور کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو مکالمے اور سفارتی ذرائع کے ذریعے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اپنی فضائی حدود یا سرزمین کے استعمال کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے منگل کے روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلی فون کال پر مملکت کے اس مؤقف کی توثیق کی کہ سعودی عرب ایران کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سعودی عرب کسی بھی فریق کو یہ اجازت نہیں دے گا کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی یا حملے کے لیے اس کی فضائی حدود یا سرزمین استعمال کرے، چاہے حملے کی سمت یا نوعیت کچھ بھی ہو۔

