تاثیر 17 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ریاض،17فروری:سعودی وزیر حج و عمرہ اور مسجد حرام و مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مسجد حرام، مسجد نبوی اور زائرین کی خدمت سے وابستہ متعدد سہولت فراہم کرنے والے مقامات کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اتھارٹی کے سی ای او انجینئر غازی الشہرانی بھی تھے۔انہوں نے آپریشنل اور سروس کی تیاریوں کی سطح کا جائزہ لیا۔ ہجوم کے انتظام کے فیلڈ منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ معتمرین و نمازیوں کی نقل و حرکت میں روانی کو یقینی بنانے اور ضیوف الرحمن کی خدمت کے نظام میں کام کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی سطح کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حرمین شریفین میں مہیا کی گئی خدمات کے نظام کا بھی معائنہ کیا۔ ان خدمات میں 10 ہزار سے زیادہ دستی وہیل چیئرز اور 400 سے زائد الیکٹرک وہیل چیئرز شامل ہیں جو بزرگوں اور معذور افراد کے لیے مختص ہیں۔ اس کے علاوہ مناسک سے فارغ ہونے پر حلق یا قصر کی خدمت فراہم کرنے کے لیے 12 خصوصی گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ زائرین کی دیکھ بھال کے لیے 31 مراکز فعال کیے گئے ہیں جو 13 مختلف خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان خدمات میں گمشدہ افراد کی دیکھ بھال، بزرگوں، معذوروں اور بچوں کی مدد، مکانی رہنمائی اور شناختی کڑے کی فراہمی شامل ہے۔تیاریوں کے سلسلے میں حرمین شریفین کے اندر 30 موبائل گائیڈنس پوائنٹس بھی فعال کیے گئے ہیں جو 20 بنیادی زبانوں میں خدمات فراہم کرتے ہیں۔

