تاثیر 19 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 19 فروری : مغربی بنگال کے محکمہ اراضی و اراضی اصلاحات کے ذریعے معطل ترنمول کانگریس رکن اسمبلی ہمایوں کبیر کی اہلیہ میرا سلطانہ کو جاری کردہ شو کاز نوٹس کے بعد ریاست کی سیاست گرما گئی ہے۔ محکمے نے الزام لگایا ہے کہ مرشد آباد ضلع کے بیلڈانگا علاقے میں 0.2 ایکڑ زمین کا زمرہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر بدل دیا گیا۔
محکمے کو موصولہ ایک اجتماعی عرضی کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زمین کی نوعیت اور استعمال میں تبدیلی مغربی بنگال اراضی اصلاحات ایکٹ، 1955 کی دفعہ 4 سی کی خلاف ورزی ہے۔ اس التزام کے تحت کسی بھی رعیت کو زرعی اراضی کو غیر زرعی یا دیگر استعمال میں بدلنے سے پہلے کلکٹر کی اجازت لینا لازمی ہے۔ کلکٹر کو ایسے معاملات میں اجازت دینے، مسترد کرنے یا تبدیلی کی موثر تاریخ طے کرنے کا حق ہے۔
جاری نوٹس میں سلطانہ سے سات دن کے اندر جواب دینے کو کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف دفعہ 4 ڈی کے تحت کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ محکمے کے مطابق، مقررہ طریقہ کار پر عمل کیے بغیر اراضی کا زمرہ بدلا گیا ہے۔

