ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 10 فروری : ہماچل پردیش میں ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے سے موسم تبدیل ہو گیا ہے۔ اونچائی والے علاقوں میں کل رات سے برف باری شروع ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے دن بھر ریاست کے کئی حصوں میں بارش، برفباری، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کا ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
قبائلی ضلع لاہول -اسپیتی کے ہیڈکوارٹر کیلونگ میں ہلکی برفباری درج کی گئی، جبکہ کنور، چمبہ اور کلّو کی اونچی چوٹیوں پر بھی برف باری کا دور جاری ہے ۔ ہل اسٹیشن شملہ اور منالی سمیت وسطی اور میدانی علاقوں پر صبح سے ہی بادل منڈلا رہے ہیں، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور نچلے علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
درجہ حرارت میں کمی کا اثر خاص طور پر اونچائی والے اضلاع میں محسوس کیا جارہا ہے۔ ریاست کے سرد ترین مقامات میں سے لاہول اسپیتی کے تابو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سیلسیس، کوکمسیری میں منفی 4.2 ڈگری سیلسیس اور کنور کے کلپا میں منفی 0.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ان علاقوں میں شدید سردی برقرار ہے اور کئی مقامات پر پانی جم گیا ہے۔