تاثیر 26 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ادے پور، 26 فروری : اراولی کی وادیوں کے درمیان جمعرات کو ساوتھ فلم انڈسٹری کے ستارے وجے دیورکونڈا اور رشمیکا مندھانا شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ جوڑے نے روایتی تیلگو رسم و رواج کے مطابق منتروں کے جاپ کے درمیان پھیرے لئے۔ شام کو کوڈاوا روایت کے مطابق خصوصی رسومات ادا کی جائیں گی۔ شادی کے بعد دولہا فریق کے اہل خانہ نے ہوٹل کے باہر مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشیوں کا اشتراک کیا۔
شادی کے مقام پر صبح سے ہی تہوار کا ماحول رہا۔ اراولی کی پہاڑیوں میں واقع لگزری ہوٹل کو گلاب، آرکڈ اور ٹیولپ جیسے غیر ملکی پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ منڈپ کو روایتی جنوبی ہندوستانی انداز میں کچے کیلے کے تنے اور بڑے سبز پتوں سے سجایا گیا تھا، جو تقریب کو ثقافتی رنگ دے رہا تھا۔اس کے ارد گرد پیلے اور سرخ پھولوں کی جھالروں نے ایک روحانی ماحول پیدا کیا۔
شادی سے پہلے رشمیکا مندھانا کے والدین نے دولہے کے خاندان کا روایتی استقبال کیا۔ انہوں نے ناریل، پان کے پتے، پھل، مٹھائیاں اور ہلدی اور کمکم پیش کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔ وجے دیورکونڈا کی والدہ، مادھوی دیورکونڈا نے پھر رشمیکا کو روایتی خاندانی چوڑیاں پہناکرکے اپنے خاندان کی بہو کے طور پرقبول کیا۔ یہ جذباتی لمحہ موجود خاندان کے افراد کے لیے خاص تھا۔

