تیز رفتارکا قہر ، تین نوجوانوں کی موت

تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سپول، 12 فروری (ہ س)۔ ضلع کے کشن پور تھانہ علاقہ میں نیمانوا پٹرول پمپ کے قریب جمعرات کے روز دو بائک میں ہوئی زبردست ٹکر میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ دودیگر نوجوان شدید طور سے زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتار سے جا رہی تھیں۔ٹکر اتنی زبردست تھی کہ جائے وقوعہ پر افرا تفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر صدر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔مرنے والوں میں راج پور وارڈ 1 کے رہائشی رام چندر منڈل کا 22 سالہ بیٹا بکی کمار اور بید ناتھ ساہ کا بیٹا 23 سالہ برجیش کمار شامل ہیں۔ یہ خبر لکھے جانے کے وقت تیسرے متوفی نوجوان کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی تھی۔زخمیوں مین راج پور وارڈ ایک رہائشی شیو چندر منڈل کے 24 سالہ منی بھوشن منڈل شامل ہیں۔ ایک دیگر زخمی کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ دونوں کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی طبی علاج کے بعد مزید بہتر علاج کے لئے اعلیٰ مرکز ریفر کر دیاگیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کشن پور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کردی۔ پولیس حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔