تاثیر 4 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 4 فروری:پَوئی کے علاقے میں آئی آئی ٹی بمبئی کے ہاسٹل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، سِول انجینئرنگ کے ایک طالب علم کے ہاسٹل کی چھت سے گرنے سے موت ہو گئی۔ واقعے کی جانچ پَوئی پولیس اسٹیشن کے ذریعے کی جا رہی ہے۔پولیس افسر کے مطابق بدھ کی صبح سویرے ہاسٹل کی چھت سے ایک طالب علم کے گرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی طالب علم نمن اگروال (21) کو نزدیکی اسپتال پہنچایا، لیکن طبی جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ نمن اگروال سِول انجینئرنگ کے دوسرے سال میں زیرِ تعلیم تھا اور اس کا تعلق راجستھان کے پِلانی سے تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے حادثاتی موت کا اندراج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق طالب علم کے ہاسٹل کمرے سے کوئی بھی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

