سپریم کورٹ کا آسام کے وزیراعلیٰ کے خلاف عرضی پر سماعت کرنے سے انکار

تاثیر 16 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 فروری: سپریم کورٹ نے آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما کے خلاف کارروائی کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی قیادت والی بنچ نے عرضی گزاروں سے کہا کہ وہ پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔
سماعت کے دوران سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے عرضی گزاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دلیل دی کہ وزیر اعلیٰ نے آئینی حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ چیف جسٹس نے پھر جواب دیا، “آپ یہی دلیل ہائی کورٹ میں دے سکتے ہیں، آپ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، ہمارے پاس پہلے ہی زیر التوا کیسز ہیں جن کو حل کرنا ہے، یہ ہائی کورٹ کونظرانداز کرنے کی کوشش ہے۔ ہائی کورٹ کو کمزور کرنے کی منصوبہ بند کوشش کی جا رہی ہے۔”
سیاسی جماعت سی پی آئی (ایم) کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ نے مسلم کمیونٹی کے حوالے سے کئی متنازعہ بیانات دیے ہیں۔ ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مسلمانوں کی ٹوپیاں پہنے کچھ لوگوں پر بندوق تان رہے ہیں۔ اس معاملے میں شکایت درج کروائی گئی ہے، لیکن کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔