اسکولی بچوں سے بھری بس اور ٹرک میں خوفناک ٹکر

تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور۔ ( نزہت جہاں)
میناپور تھانہ حلقہ کے رگھئی گھاٹ کے قریب اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک ٹرک اور مسافر بس آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ زور دار آواز دور دور تک سنائی دی۔ آواز سنتے ہی مقامی لوگ دوڑ پڑے اور موقع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔
خوش قسمتی سے اس خوفناک حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم حالات نہایت سنگین ہو گئے تھے۔ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ چونکہ بس میں اسکولی بچے سوار تھے، اس لیے کچھ دیر کے لیے جائے حادثہ پر خوف و ہراس اور چیخ و پکار کا ماحول قائم ہو گیا،
حادثے کے بعد کانٹی–بنگھارا سڑک پر آمد و رفت مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور بھیڑ کو قابو میں کرتے ہوئے کرین کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹوایا، جس کے بعد ٹریفک بحال کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹرک اور بس کے ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گئے ہیں۔ مقامی لوگوں سے تحقیقات کی جا رہی ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بس میں ضلع شیوہر کے پپراہي بلاک کے مہواوا اسکول کے بچے تعلیمی سیر کے لیے جا رہے تھے۔ اسی دوران رغئی گھاٹ کے قریب سامنے سے آتے ٹرک سے بس کی زبردست ٹکر ہو گئی۔
حادثے میں بس ڈرائیور کو ہلکی چوٹیں آئیں، جبکہ مقامی لوگوں کی مدد سے تمام بچوں کو بحفاظت بس سے باہر نکال لیا گیا۔ ایک بار پھر تیز رفتاری اور لاپرواہی نے بڑا خطرہ پیدا کیا، لیکن قدرت کی مہربانی سے درجنوں معصوم جانیں بچ گئیں۔