تاثیر 7 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اٹارسی، 07 فروری : مدھیہ پردیش کے اٹارسی-پتھروٹا روڈ پر جمعہ کی دیر رات تیز رفتار کار نہر میں گرنے سے تین نوجوانوں کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔جانکاری کے مطابق، تیز رفتار کار بے قابو ہو کر پتھروٹا کی بڑی نہر کی پلیا کی ریلنگ توڑتی ہوئی سیدھے گہرے پانی میں گر گئی۔ کار میں سوار تینوں نوجوان باہر نکلنے کے لیے جدوجہد کرتے رہے، لیکن کچھ ہی منٹوں میں کار پوری طرح پانی میں ڈوب گئی۔
مہلوکین کی شناخت ریسل پور کے رہائشی لکی پٹیل (30) ولد بھوانی شنکر پٹیل، شیوم تیواری (26) ولد مہیش تیواری، رہائشی کھیر پانی اور ابھے عرف ابھی چوہان (19) ولد راکیش چوہان، رہائشی جے پرکاش نگر، پرانی اٹارسی کے طور پر ہوئی ہے۔ کار لکی پٹیل چلا رہا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق، اٹارسی کی طرف سے آ رہی گرے رنگ کی کار اچانک پل پر بے قابو ہو گئی اور ریلنگ توڑتی ہوئے نہر میں گر گئی۔ کار کے نہر میں گرتے ہی اندر پھنسے نوجوان مدد کے لیے چلانے لگے اور شیشے توڑ کر باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن کار لاک ہو جانے اور پانی کی گہرائی کے سبب وہ باہر نہیں نکل سکے۔
حادثے کے فوراً بعد ایک مقامی نوجوان نے بغیر وقت ضائع کیے نہر میں کود کر کار سواروں کو بچانے کی کوشش کی، لیکن تیز بہاو اور گہرائی کے سبب وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ اس کے بعد لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی اٹارسی اور پتھروٹا پولیس موقع پر پہنچی۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نرمدا پورم سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بلایا گیا۔ ایس ڈی آر ایف کی پلاٹون کمانڈر امرتا دیکشت کی قیادت میں قریب ڈھائی گھنٹے تک چلے ریسکیو آپریشن کے بعد کار کو نہر سے باہر نکالا گیا۔ جب کار کے دروازے کھولے گئے، تو تینوں نوجوان اندر مردہ حالت میں ملے۔ امرتا دیکشت نے بتایا کہ کار کے اندر شیشے توڑنے کی کوشش کے واضح نشان ملے ہیں، جس سے صاف ہے کہ نوجوان آخری دم تک باہر نکلنے کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔

