ٹکیہ پاڑہ بیت المال غریبوں اور بیواؤں کی امید، عوام سے مالی تعاون کی اپیل

تاثیر 26 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 26/ فروری (پریس ریلیز) سنٹرل ہوڑہ کے علاقے ٹکیہ پاڑہ میں واقع معروف فلاحی ادارہ بیت المال ٹکیہ پاڑہ گزشتہ کئی برسوں سے خاموشی کے ساتھ غریبوں، ناداروں، بیواؤں اور ضرورت مند خاندانوں کی خدمت انجام دے رہا ہے۔ یہ ادارہ زکوٰۃ، فطرہ، صدقہ اور مخیر حضرات کے عطیات کے ذریعے چلایا جاتا ہے، اور خاص طور پر ٹکیہ پاڑہ کے مقامی باشندوں کے تعاون سے اس کے فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔
رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں ادارہ سے وابستہ افراد گھر گھر جا کر چندہ جمع کرتے ہیں، جس کے ذریعے سال بھر مستحقین کی مختلف ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔ ادارہ کی جانب سے عوام سے پرخلوص اپیل کی گئی ہے کہ وہ دل کھول کر مالی تعاون کریں تاکہ فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔
اسی سلسلے میں ادارہ کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نائب صدر حاجی علی احمد انصاری، خازن حاجی محمد نظام الدین، خازن محمد یاسین، اسسٹنٹ سکریٹری حاجی محمد صلاح الدین، ایگزیکٹیو ممبران حاجی جاوید احمد، محمد اقبال خان، محمد شمیم اور پرویز بھائی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ ادارہ کے صدر حاجی ڈاکٹر اکبر علی اور صدر حاجی جلال الدین خان علالت کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔
اجلاس میں موجود ذمہ داران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ادارہ کی مالی معاونت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ غریب بیواؤں کے وظائف میں اضافہ کیا جا سکے اور دیگر فلاحی کاموں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ ادارہ گزشتہ کئی برسوں سے ہر ماہ ساٹھ سے زائد بیواؤں کو 500 روپے بطور ماہانہ پنشن فراہم کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ بیت المال کی جانب سے غریب لڑکیوں کی شادی میں مالی مدد یا ان کی شادی کا مکمل انتظام کیا جاتا ہے۔ مستحق طلبہ و طالبات کو مفت نصابی کتابیں فراہم کی جاتی ہیں اور اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے وظائف بھی دیے جاتے ہیں۔ فروغِ تعلیم کے مقصد سے ادارہ مسلسل سرگرم عمل ہے۔
ادارہ غریب اور ضرورت مند افراد کو طبی اور معاشی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لاوارث لاشوں کی تدفین کا انتظام بھی کرتا ہے، جو ایک عظیم سماجی خدمت ہے۔
ذمہ داران نے بتایا کہ ادارہ مستقبل میں ایک کشادہ جگہ خرید کر وہاں کمیونٹی ہال تعمیر کرنا چاہتا ہے تاکہ اس کے ذریعے سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بیت المال ٹکیہ پاڑہ کا دست و بازو بنیں، تاکہ علاقے کے غریبوں، ناداروں اور بیواؤں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔