تاثیر 19 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف 19 فروری(محمد دانش)بہار شریف شہر کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ قومیہ شیخانہ میں جلسۂ دستار بندی و تعلیمی مظاہرہ نہایت شان و شوکت اور تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں علمی، روحانی اور دینی فضا قابلِ دید رہی۔ اس باوقار اور روح پرور تقریب میں بڑی تعداد میں علماء کرام، معززینِ شہر، طلبہ اور عوام الناس نے شرکت کی۔تقریب کے دوران چھجو محلہ کھاری کنواں کے باشندہ حافظ محمد شمس ھدیٰ عرف جنگ بدری ابن محمد پرویز عالم عرف جنگ بدری کی دستار بندی عمل میں آئی۔ اس موقع پر انہیں سند سے نوازا گیا اور معزز علماء و ذمہ داران کی جانب سے خصوصی دعاؤں سے بھی سرفراز کیا گیا۔ حاضرینِ مجلس نے اس کامیابی کو ان کی محنت، لگن اور دینی شوق کا ثمر قرار دیتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔اس پروقار تقریب میں بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج محمد ارشاد اللہ صاحب نے بطورِ خاص شرکت کی۔ انہوں نے حافظ محمد شمس ھدیٰ عرف جنگ بدری کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل، مزید علمی ترقی اور دینی خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

