وزیراعلیٰ خواتین روزگار منصوبہ کے تحت 25 لاکھ خواتین کو 2500 کرور روپے کی مدد ملی

تاثیر 16 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 16 فروری :بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیرکے روز وزیر اعلیٰ خواتین روزگارمنصوبہ کے تحت 25 لاکھ خواتین مستفیدین کے بینک کھاتوں میں 10،000 روپے کی شکل میں کل 2500 کروڑ روپے منتقل کر دیے۔ اس اسکیم کا مقصد خواتین کو خود روزگار بننے کی ترغیب دے کر معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔
ریاستی حکومت کے مطابق اس سے قبل ایک کروڑ 56 لاکھ خواتین مستفیدین کے کھاتوں میں 15,600 کروڑ روپے منتقل کیے گئے تھے۔ تازہ ترین منتقلی کے ساتھ ایک کروڑ 81 لاکھ خواتین کے کھاتوں میں کل 18,100 کروڑ روپے منتقل کیے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ 25 لاکھ خواتین کو اپنی پسند کا کیریئر شروع کرنے کے لیے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑی تعداد نے اس منصوبہ کے ذریعے چھوٹے کاروبار شروع کیے ہیں۔ جو خواتین کامیابی سے اپنے کاروبار کو بڑھاتی ہیں انہیں مستقبل میں2 لاکھ تک کی اضافی امداد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باقی اہل خاندانوں کی خواتین کو بھی جلد امداد دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے آغاز سے ہی خواتین کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی ہے۔ 2006 میں، “جیویکا” نامی سیلف ہیلپ گروپس ورلڈ بینک سے قرض لے کر بنائے گئے۔ آج یہ اقدام خواتین کی معاشی خود انحصاری کے لیے ایک مضبوط بنیاد بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات نشچے 3 پروگرام کو آئندہ پانچ سالوں (2025-2030) میں ریاست کی ترقی کو مزید تیز کرنے کے لیے لاگو کیا گیا ہے۔