تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران،02فروری:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے اعتماد سازی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔عباس عراقچی نے امریکی نیٹ ورک “سی این این” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “بدقسمتی سے، ہم مذاکراتی شراکت دار کے طور پر امریکہ پر اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔بامعنی مذاکراتی عمل کے آغاز کے طریقے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عباس عراقچی نے مزید کہا “ہمیں اس بے اعتمادی کی صورت حال پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ہفتہ وار تعطیلات کے دوران واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی جانب پیش رفت کے آثار نمایاں ہوئے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی صحافیوں کو بتایا کہ ایران “ہم سے بات کر رہا ہے، وہ ہم سے سنجیدگی سے بات کر رہا ہے۔عراقچی نے “سی این این” کو بتایا کہ “خطے کے کچھ دوست ممالک” اعتماد سازی اور با معنی مذاکرات کے لیے زمین ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس بات چیت کو “بار آور” قرار دیا۔ایرانی وزیر خاجہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جنگ سب کے لیے ایک تباہی ہو گی، انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ایران نے حالیہ جنگ میں بہت سے سبق سیکھے ہیں۔

